امریکہ ایران مذاکرات کی تاریخ تاحال طے نہیں، حکومتی ذرائع  

0

اسلام آباد: اعلیٰ حکومتی ذرائع کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان مجوزہ مذاکرات کے لیے تاحال کوئی حتمی دن اور تاریخ طے نہیں کی گئی ہے، جبکہ اسلام آباد میں پیر کے روز مذاکرات کے انعقاد کی اطلاعات بھی درست نہیں ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں فریقین کے درمیان مذاکرات کے شیڈول پر مشاورت جاری ہے، تاہم اس حوالے سے کوئی حتمی پیش رفت سامنے نہیں آئی۔

دوسری جانب ایرانی خبر ایجنسی تسنیم نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران امریکا کے ساتھ مذاکرات کے اگلے مرحلے کے لیے فی الحال رضامند نہیں ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایران کے مؤقف میں تاخیر کی ایک بڑی وجہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے خلاف ممکنہ بحری ناکہ بندی کا اعلان اور مذاکرات کے دوران سخت اور وسیع مطالبات ہیں۔

ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق تہران نے واضح کیا ہے کہ مذاکرات کی پیش رفت کے لیے امریکا کو غیر ضروری اور حد سے زیادہ مطالبات سے گریز کرنا ہوگا، بصورت دیگر ایران طویل اور بے نتیجہ مذاکرات میں وقت ضائع کرنے کے لیے تیار نہیں۔

ذرائع کے مطابق ایران کا یہ مؤقف پاکستان کے ذریعے امریکی حکام تک پہنچا دیا گیا ہے، جبکہ مذاکرات کے مستقبل کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال برقرار ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.