لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا دعویٰ: قطر سے ایل این جی کے 4 کارگو 5 روز میں پہنچیں گے، اویس لغاری
اسلام آباد:وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے اعلان کیا ہے کہ قطر سے ایل این جی کے 4 کارگو آئندہ 5 روز میں پاکستان پہنچ جائیں گے، جس کے بعد ملک میں لوڈشیڈنگ کے خاتمے کی توقع ہے۔
نجی ٹی وی پروگرام “آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ” میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر توانائی نے کہا کہ جیسے ہی قطر سے گیس کی فراہمی شروع ہوگی، لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ ہو جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت بھی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ ایک سے ڈیڑھ گھنٹے سے زیادہ نہیں۔
دوسری جانب زمینی حقائق اس دعوے سے مختلف نظر آتے ہیں، کیونکہ ملک بھر میں گرمی کی شدت بڑھنے کے ساتھ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق بجلی کا شارٹ فال 4 ہزار میگاواٹ تک پہنچ چکا ہے، جس کے باعث مختلف شہروں میں طویل بندش جاری ہے۔
کراچی کے متعدد علاقوں میں 10 گھنٹے تک بجلی غائب رہنے لگی ہے، جبکہ راولپنڈی میں 8 سے 10 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ شہریوں کے لیے مشکلات کا باعث بن گئی ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی 6 گھنٹے تک بجلی کی بندش رپورٹ ہو رہی ہے۔
اسی طرح لاہور کے مختلف علاقوں میں 5 سے 6 گھنٹے، جبکہ پشاور کے شہری علاقوں میں 6 اور نواحی علاقوں میں 14 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، جس سے عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
