ایران سے متعلق بڑی پیش رفت کا اشارہ، کل “سرپرائز” ہو سکتا ہے: ٹرمپ

0

واشنگٹن:ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران سے متعلق “اچھی خبر” سامنے آ سکتی ہے اور کل کوئی غیر متوقع پیش رفت یا سرپرائز ہو سکتا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکی صدر نے کہا کہ اگر معاہدہ نہ ہوا تو ایران کی بندرگاہوں پر پابندیاں برقرار رہیں گی۔ ان کے بقول “کل کچھ ہونے والا ہے جو ممکنہ طور پر بہت مثبت ہوگا”۔

ٹرمپ نے مزید کہا کہ کل ایک “اہم اور ذہین شخصیت” وائٹ ہاؤس آئے گی اور صبح ایک غیر معمولی پریس کانفرنس بھی متوقع ہے، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ یہ ایونٹ براہِ راست ایران سے متعلق نہیں ہوگا مگر سوالات اسی موضوع پر ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکا اور ایران کے درمیان کئی معاملات پر پیش رفت ہو چکی ہے، جبکہ مذاکرات جاری ہیں۔ ٹرمپ کے مطابق واشنگٹن کا مؤقف واضح ہے کہ ایران کو کسی صورت جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیے جائیں گے۔

انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ایران کے ساتھ معاہدے کی صورت میں جوہری مواد کو امریکا منتقل کیا جا سکتا ہے، بصورت دیگر مزید سخت اقدامات کیے جائیں گے۔ ان کے مطابق جنگ بندی میں توسیع ممکن ہے یا نہیں، اس پر فیصلہ صورتحال کے مطابق ہوگا۔

ٹرمپ نے خطے کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ لبنان کو استحکام کی جانب لے جانے میں مدد کی جائے گی، جبکہ اسرائیلی وزیراعظم کے ساتھ بعض معاملات پر اختلافات موجود ہیں مگر انہیں ایک قابلِ اعتماد شراکت دار قرار دیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.