فتنہ الخوارج کا اہم سرغنہ عامر سہیل عرف مولوی حیدر گرفتار، دورانِ تفتیش اہم انکشافات
اسلام آباد:وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے اہم سرغنہ عامر سہیل عرف مولوی حیدر کو گرفتار کر لیا ہے، جس نے دورانِ تفتیش اہم انکشافات کیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ملزم نے اپنے اعترافی بیان میں کہا کہ وہ پاکستان کے خلاف گمراہ کن پروپیگنڈے سے متاثر ہو کر اس گروہ میں شامل ہوا اور بعد ازاں پکتیکا میں موجود مراکز میں دہشتگردی کی تربیت حاصل کی۔
عامر سہیل نے دعویٰ کیا کہ افغانستان میں اس گروہ کے مراکز کو افغان طالبان کی پشت پناہی حاصل رہی، جبکہ اس کے روابط داعش اور القاعدہ جیسی دہشتگرد تنظیموں کے ساتھ بھی رہے۔ اس نے مزید کہا کہ اس کی ٹیم میں 20 سے زائد دہشتگرد شامل تھے جن میں افغان شہری بھی موجود تھے۔
ملزم کے مطابق انہیں افغانستان میں موجود نیٹ ورکس اور غیرملکی ایجنسیوں، بشمول را سے مالی معاونت فراہم کی جاتی رہی۔گرفتار سرغنہ نے اعتراف کیا کہ وہ بنوں، لکی مروت اور میانوالی میں سکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث رہا ہے۔
ملزم نے اپنے بیان میں کہا کہ فتنہ الخوارج کا اسلام یا جہاد سے کوئی تعلق نہیں بلکہ یہ گروہ مالی مفادات کے لیے دہشتگردی میں ملوث ہے۔ اس نے بتایا کہ اسے پشاور میں علاج کی غرض سے آنے کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں نے گرفتار کیا۔
