دبئی کا معروف سیون اسٹار ہوٹل برج العرب 18 ماہ کیلئے بند، بڑی مرمت کا اعلان
متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں واقع دنیا کے مشہور لگژری ہوٹل برج العرب کو عارضی طور پر بند کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق برج العرب کو تقریباً 18 ماہ کیلئے بند کیا جا رہا ہے تاکہ ہوٹل میں بڑے پیمانے پر مرمت اور تزئین و آرائش کا کام مکمل کیا جا سکے۔ یہ 1999 میں افتتاح کے بعد ہوٹل کی پہلی بڑی اپ گریڈیشن ہوگی۔
برج العرب اپنی منفرد کشتی نما ساخت اور شاندار ڈیزائن کے باعث دنیا بھر میں ایک علامتی حیثیت رکھتا ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مرمت کے دوران اس کی اصل شناخت اور فنِ تعمیر کو مکمل طور پر برقرار رکھا جائے گا۔
کمپنی کے مطابق اس منصوبے میں ہوٹل کے اندرونی حصوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے ساتھ ساتھ اس کے کلاسیکل ڈیزائن کو محفوظ رکھنے پر خصوصی توجہ دی جائے گی، تاکہ مہمانوں کو مستقبل میں مزید بہتر اور جدید سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
