راولاکوٹ میں بھارتی خفیہ ایجنسی سے مبینہ تعلق رکھنے والا ایجنٹ گرفتار
راولاکوٹ:آزاد جموں و کشمیر پولیس نے راولاکوٹ میں کارروائی کرتے ہوئے بھارتی خفیہ ایجنسی را کے لیے مبینہ طور پر کام کرنے والے ایک ایجنٹ کو گرفتار کر لیا ہے۔
آئی جی پولیس لیاقت علی ملک نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ گرفتار شخص عرفان حساس تنصیبات کی تصاویر اور ویڈیوز ریکارڈ کر کے غیر ملکی عناصر کو فراہم کر رہا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ملزم سوشل میڈیا کے ذریعے رابطے میں تھا اور مختلف افراد کو ویڈیو اور لوکیشنز کے عوض رقم بھی فراہم کرتا تھا، جس کے ذریعے حساس معلومات باہر منتقل کی جا رہی تھیں۔
آئی جی کے مطابق گرفتار شخص مبینہ طور پر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر مختلف شناختیں استعمال کرتے ہوئے شہریوں کو ٹریپ کرتا رہا، جبکہ اس کے ذریعے حساس مقامات کی نشاندہی دشمن عناصر تک پہنچائی جاتی رہی۔
انہوں نے عوام کو خبردار کیا کہ سوشل میڈیا پر جعلی شناختوں خصوصاً خاتون یا صحافی بن کر رابطہ کرنے والے عناصر سے محتاط رہیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع دیں۔پولیس کے مطابق معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے اور نیٹ ورک سے متعلق دیگر پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
