تہران :ایران کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ پاکستان کے ذریعے امریکا کے ساتھ سفارتی پیغامات کا تبادلہ جاری ہے، اور آئندہ مذاکرات کا بنیادی مقصد مکمل جنگ بندی ہے۔
تہران میں نیوز بریفنگ کے دوران ترجمان نے بتایا کہ گزشتہ اتوار سے ثالثی کے ذریعے رابطے جاری ہیں اور ایران کو پاکستان کے ثالثوں کی جانب سے مسلسل پیغامات موصول ہو رہے ہیں۔ ان کے مطابق ایران کا مؤقف واضح ہے کہ کسی بھی مذاکرات کا نتیجہ جامع جنگ بندی کی صورت میں نکلنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ قوی امکان ہے کہ مذاکرات کے اگلے مرحلے میں ایران آج پاکستانی وفد کی میزبانی کرے گا، جہاں مختلف اہم امور پر گفتگو متوقع ہے۔
ایرانی ترجمان کے مطابق پاکستان میں ہونے والی بات چیت میں جنگ بندی، اقتصادی پابندیوں کے خاتمے اور جنگ کے دوران ہونے والے نقصانات کے ازالے جیسے معاملات زیر بحث آئے۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ ان امور پر حتمی پیش رفت ابھی سامنے نہیں آئی۔
