ایران اور متحدہ عرب امارات کے درمیان اعلیٰ سطح رابطہ، کشیدگی میں کمی کے امکانات پر گفتگو
تہران :ایران اور خلیجی ریاستوں کے درمیان جاری کشیدگی کے تناظر میں تہران اور ابوظہبی کے درمیان ایک اہم سفارتی رابطہ سامنے آیا ہے۔
متحدہ عرب امارات کے نائب صدر منصور بن زید نے ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف سے ٹیلی فونک گفتگو کی ہے، جسے حالیہ کشیدگی کے بعد دونوں ممالک کے درمیان پہلا اعلیٰ سطح رابطہ قرار دیا جا رہا ہے۔
متحدہ عرب امارات کی سرکاری خبررساں ایجنسی WAM کے مطابق گفتگو کے دوران خطے کی مجموعی صورتحال اور کشیدگی میں کمی کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق یہ رابطہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب خطے میں جاری صورتحال کے باعث خلیجی ممالک میں سفارتی سرگرمیوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، اور مختلف فریقین کشیدگی کم کرنے کے لیے رابطوں کو فروغ دے رہے ہیں۔
میڈیا رپورٹس میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ حالیہ کشیدگی کے دوران خطے میں مختلف حملوں اور جوابی کارروائیوں کے اثرات مرتب ہوئے، تاہم ان تفصیلات کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔
سفارتی ماہرین کے مطابق اس نوعیت کے براہ راست رابطے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور ممکنہ مذاکراتی عمل کی راہ ہموار کرنے کی ابتدائی کوشش قرار دیے جا رہے ہیں۔
