آبنائے ہرمز کبھی بند نہیں ہوگی، چین ایران کو اسلحہ نہ دینے پرمتفق: ٹرمپ

0

واشنگٹن :امریکی صدر ٹرمپ  نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز دوبارہ کبھی بند نہیں ہوگی اور اس حوالے سے چین نے اہم کردار ادا کیا ہے۔

واشنگٹن میں بیان دیتے ہوئے ٹرمپ کا کہنا تھا کہ انہوں نے چین کے صدر کو خط لکھ کر درخواست کی تھی کہ وہ ایران کو ہتھیار فراہم نہ کرے، جس پر چین نے مبینہ طور پر اتفاق کیا ہے۔

ٹرمپ کے مطابق چین اس بات پر رضامند ہوا ہے کہ وہ ایران کو اسلحہ نہیں بھیجے گا، جس کے بدلے میں انہوں نے یہ یقین دہانی کرائی ہے کہ آبنائے ہرمز کو مستقل بنیادوں پر کھلا رکھا جائے گا۔

اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ یہ اقدام عالمی تجارت اور بالخصوص چین کے لیے فائدہ مند ہے، اور اس فیصلے کے بعد آبنائے ہرمز کی بندش کا خدشہ ختم ہو جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ چند ہفتوں میں چین کے دورے کے دوران ان کی چینی قیادت سے ملاقات متوقع ہے، جہاں باہمی تعلقات مزید بہتر بنانے پر بات چیت ہوگی۔

ٹرمپ کے مطابق چین اور امریکا کے درمیان تعاون میں بہتری آ رہی ہے، تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو امریکا اپنی دفاعی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کر سکتا ہے۔

سفارتی ماہرین کے مطابق آبنائے ہرمز سے متعلق اس نوعیت کے دعوے عالمی توانائی اور جغرافیائی سیاست پر گہرے اثرات مرتب کر سکتے ہیں، تاہم تاحال چین کی جانب سے اس بیان کی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.