بغیر اجازت حج پر سخت کارروائی، سعودی عرب میں نئے جرمانے اور پابندیاں عائد
ریاض :سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے اعلان کیا ہے کہ حج کے دوران اجازت نامے کے بغیر عبادت کی ادائیگی یا کوشش کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اعلان کے مطابق بغیر اجازت حج کرنے یا کوشش کرنے پر 20 ہزار ریال تک جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ اسی طرح غیر قانونی حجاج کو رہائش، سہولت یا کسی بھی قسم کی مدد فراہم کرنے والوں کے لیے ایک لاکھ ریال تک جرمانہ مقرر کیا گیا ہے۔
وزارت کے مطابق یہ قوانین یکم ذی القعدہ سے 14 ذی الحجہ تک نافذ العمل رہیں گے، جس کا مقصد حج کے دوران نظم و ضبط اور سکیورٹی کو یقینی بنانا ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ وزٹ ویزا رکھنے والوں کو مکہ مکرمہ یا مقدس مقامات تک پہنچانے والوں پر بھی جرمانے عائد ہوں گے۔ خلاف ورزی کی صورت میں غیر قانونی طور پر حج کرنے والوں کو ملک بدر کیا جائے گا اور ان پر 10 سال تک سعودی عرب میں داخلے پر پابندی بھی لگائی جا سکتی ہے۔
حکام کے مطابق یہ اقدامات حج کے انتظامات کو منظم رکھنے اور لاکھوں عازمین کے لیے محفوظ ماحول یقینی بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔
