عالمی توجہ اسلام آباد پر مرکوز، پاکستان خطے میں امن کا کلیدی کردار ادا کر رہا ہے: طاہر اشرفی

0

اسلام آباد: چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ اس وقت عالمی توجہ اسلام آباد پر مرکوز ہے اور پاکستان خطے میں امن و استحکام کیلئے ایک کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران، امریکا اور اسرائیل کشیدگی کے بعد جنگ بندی اور مذاکرات کے عمل میں پاکستان کی سفارتی کوششیں نمایاں رہی ہیں، جس سے خطے میں تناؤ کم کرنے میں مدد ملی ہے۔

حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کے حالیہ سعودی عرب، قطر اور ترکی کے دورے امت مسلمہ کے اتحاد کی جانب اہم پیش رفت ہیں۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی سفارتی کوششیں نتیجہ خیز ثابت ہوئی ہیں۔

حافظ محمد طاہر محمود اشرفی  کا کہنا ہے کہ سعودی قیادت خصوصاً ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ مشاورت نے امت مسلمہ کے اتحاد کو مزید مضبوط کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد سے امن کی نئی راہیں ہموار ہو رہی ہیں اور خطہ کشیدگی سے نکلنے کے قریب ہے، جبکہ مسلم دنیا کا اتحاد فلسطین اور کشمیر کے مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات ایمان، عقیدے اور باہمی اعتماد پر مبنی ہیں اور سعودی قیادت کی معاشی معاونت پر شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان دفاعی استحکام کے ساتھ ساتھ معاشی مضبوطی کی طرف بھی تیزی سے بڑھ رہا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.