پاکستان میں پہلی بار لائیواسٹاک انشورنس اسکیم کا آغاز، جنگلی حیات کے تحفظ کی نئی حکمت عملی

گلیات سے منصوبے کا آغاز، مویشیوں کی ٹیگنگ اور کسانوں کو مالی تحفظ فراہم کیا جائے گا

0

اسلام آباد: پاکستان میں پہلی بار لائیو اسٹاک انشورنس اسکیم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے، جس کا مقصد کسانوں کو مالی تحفظ فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ جنگلی حیات کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔

ترجمان ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کے مطابق اس اسکیم کا آغاز گلیات سے کیا گیا ہے، جہاں انشورنس کمپنی کے تعاون سے منصوبہ شروع کیا گیا۔ اسکیم کے تحت مویشیوں کی باقاعدہ ٹیگنگ کی جائے گی تاکہ نقصانات کی درست نگرانی اور تصدیق ممکن ہو سکے۔

ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کے مطابق اس منصوبے کا بنیادی مقصد ان کسانوں کو مالی معاوضہ فراہم کرنا ہے جن کے مویشی جنگلی جانوروں، خصوصاً برفانی تیندوا کے حملوں میں ہلاک ہو جاتے ہیں۔ اس اقدام سے جنگلی حیات کے خلاف انتقامی کارروائیوں کی حوصلہ شکنی کی جائے گی۔

اعداد و شمار کے مطابق صرف خنجراب کے علاقے میں 2023 کے دوران مویشیوں اور برفانی تیندوا کے درمیان تصادم کے 499 واقعات رپورٹ ہوئے، جبکہ 2015 سے 2023 کے دوران انتقامی کارروائیوں میں 6 برفانی تیندوے مارے گئے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ انشورنس ماڈل خصوصاً پہاڑی علاقوں میں رہنے والی غریب برادریوں کے مالی نقصانات کا ازالہ کرے گا اور انسان اور جنگلی حیات کے درمیان تنازع کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.