صدر زرداری سے گورنر پنجاب اور گلگت بلتستان کی ملاقاتیں، عوامی فلاح اور صوبائی ترقی پر زور
اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے ایوانِ صدر میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان اور گورنٹ گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جن میں صوبائی انتظامی صورتحال، عوامی فلاح اور ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
صدر زرداری نے گورنر پنجاب سے گفتگو میں کہا کہ عوامی مسائل کے مؤثر حل کے لیے وفاق اور صوبوں کے درمیان مضبوط ہم آہنگی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے صوبہ پنجاب میں جاری انتظامی اقدامات اور عوامی فلاح کے منصوبوں کی صورتحال کا جائزہ لیا اور کہا کہ شہری سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے منصوبہ بندی اور تیز تر عملدرآمد ضروری ہے۔
ایوانِ صدر میں گورنر گلگت بلتستان سے ملاقات میں صدر زرداری نے اس خطے کی ترقی اور عوامی فلاح کے منصوبوں پر تبادلۂ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں انفراسٹرکچر کی بہتری، صحت، تعلیم اور دیگر عوامی سہولیات کے فروغ کے لیے بھرپور کوششیں جاری رکھی جائیں تاکہ خطے کے عوام کی زندگی کے معیار میں نمایاں بہتری لائی جا سکے۔
صدرِ مملکت نے دونوں ملاقاتوں میں زور دیا کہ صوبائی حکومتیں اپنے علاقے میں ترقیاتی منصوبوں کے نفاذ اور عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے وفاقی حکومت کے ساتھ مکمل تعاون اور ہم آہنگی رکھیں۔
