استنبول میں اسرائیلی قونصل خانے کے قریب فائرنگ، 3 حملہ آور ہلاک،2 پولیس اہلکار زخمی
استنبول: ترکی کے شہر استنبول میں اسرائیلی قونصل خانے کے قریب فائرنگ کے تبادلے میں تین مسلح حملہ آور ہلاک جبکہ دو پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔
ترک وزیر داخلہ مصطفیٰ چفتچی کے مطابق حملہ آوروں نے یاپی کردی پلازہ کمپلیکس کے باہر پولیس پر فائرنگ کی، جس کے بعد پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے تینوں حملہ آوروں کو بے اثر کر دیا۔
ترکی کے وزیر انصاف آکِن گورلیک نے بتایا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پراسیکیوٹرز نے تحقیقات شروع کر دیں اور ڈپٹی چیف پراسیکیوٹر سمیت دو پراسیکیوٹرز موقع پر بھیجے گئے۔
استنبول کے گورنر داؤد گل کے مطابق پلازہ میں واقع اسرائیلی قونصل خانہ گزشتہ ڈھائی سال سے بند ہے۔ وزارت داخلہ کے مطابق ہلاک ہونے والے ایک حملہ آور کے تعلقات ایک ایسی تنظیم سے تھے جو مذہب کو اپنے مقاصد کے لیے استعمال کرتی ہے۔
