پاکستان کا ایران کے سعودی عرب حملوں پر تشویش کا اظہار، غیر متزلزل حمایت کا اعادہ
اسلام آباد: پاکستان نے ایران کی جانب سے سعودی عرب کے مشرقی علاقے میں توانائی تنصیبات کو نشانہ بنانے پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور سعودی عرب کے حق میں غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے بیان میں سعودی عرب کے الجبیل انڈسٹریل سٹی میں میزائل اور ڈرون حملوں کی شدید مذمت کی اور حملوں میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی۔ ترجمان نے کہا کہ یہ حملے سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی سنگین خلاف ورزی ہیں اور خطے میں کشیدگی میں اضافہ کریں گے۔
پاکستان نے سعودی حکومت اور عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ وہ خطے میں امن اور استحکام کے لیے پرعزم ہے۔
ایرانی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایران نے الجبیل میں پیٹرو کیمیکل کمپلیکس پر حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کارروائیاں ایران کے اپنے پیٹرو کیمیکل کمپلیکس پر ہوئے حملوں کے جواب میں کی گئی ہیں، جس میں سعودی سرزمین پر دو امریکی کمپنیوں کے حساس پیٹرو کیمیکل کمپلیکس کو نشانہ بنایا گیا۔
