پنجاب میں کفایت شعاری اقدامات نافذ، مالز رات 8 اور ریسٹورنٹس 10 بجے بند ہونگے
لاہور: وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر صوبے بھر میں کفایت شعاری اقدامات نافذ کر دیے گئے، جس کے تحت کاروباری اور سرکاری سرگرمیوں کے اوقات کار میں نمایاں تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
جاری نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور سمیت پنجاب بھر میں دکانیں، مارکیٹیں اور شاپنگ مالز رات 8 بجے بند ہوں گے، جبکہ ریسٹورنٹس اور شادی ہالز کو رات 10 بجے تک محدود کر دیا گیا ہے۔
حکومت نے سرکاری اخراجات کم کرنے کے لیے اہم فیصلے بھی کیے ہیں، جن میں سرکاری گاڑیوں کے فیول کوٹے میں 50 فیصد کمی، نئی گاڑیوں کی خریداری پر پابندی، اور سرکاری اجلاسوں کو آن لائن پلیٹ فارمز پر منتقل کرنے کی ہدایت شامل ہے۔
اس کے علاوہ سرکاری افسران کے پروٹوکول اور سکیورٹی گاڑیوں کو بھی محدود کر دیا گیا ہے جبکہ سرکاری سطح پر عشائیوں پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے، تاہم غیر ملکی وفود کو اس سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سرکاری دفاتر کے اوقات کار بھی محدود کرتے ہوئے ہفتے میں 4 دن کام کرنے کی پالیسی پر غور کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب تاجر برادری نے اس فیصلے پر ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ بعض تاجروں کا کہنا ہے کہ شہری صبح سویرے خریداری کے لیے نہیں آتے اور کاروباری حالات پہلے ہی مشکلات کا شکار ہیں، اس لیے ایسی پابندیاں نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہیں۔
تاہم لاہور چیمبر کے صدر نے حکومتی فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مارکیٹس جلد کھولنے اور رات 8 بجے بند کرنے کے فیصلے پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا اور تاجروں کو اس پر آمادہ کیا جائے گا۔
