پاکستان اور مصر کی مشترکہ انسدادِ دہشتگردی مشق ’تھنڈر-II‘ کا آغاز

0

راولپنڈی: پاکستان اور مصر کی افواج کے درمیان مشترکہ انسدادِ دہشتگردی مشق ’تھنڈر-II‘ کا آغاز 6 اپریل 2026 سے اسپیشل آپریشنز اسکول چیراٹ میں ہو گیا ہے، جو دو ہفتوں تک جاری رہے گی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق اس مشترکہ مشق میں پاکستان آرمی کی اسپیشل سروسز گروپ (SSG) اور مصری فوج کی اسپیشل فورسز کے دستے حصہ لے رہے ہیں۔ افتتاحی تقریب میں کمانڈنٹ اسپیشل آپریشنز اسکول چیرات نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

یہ مشق دونوں ممالک کے درمیان پیشہ ورانہ مہارتوں میں اضافے اور انسداد دہشتگردی کے شعبے میں عملی تربیت کے تبادلے کے لیے منعقد کی جا رہی ہے۔ مشق کے دوران شریک دستے ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کریں گے، خاص طور پر دہشتگردی کے خلاف کارروائیوں کے جدید طریقہ کار پر توجہ دی جائے گی۔

حکام کے مطابق ’تھنڈر-II‘ نہ صرف مشترکہ تربیتی صلاحیتوں کو فروغ دے گی بلکہ پاکستان اور مصر کے درمیان دیرینہ عسکری تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔

پاکستان اور مصر کے درمیان دفاعی تعاون طویل عرصے پر محیط ہے، اور اس نوعیت کی مشترکہ مشقیں دونوں ممالک کی افواج کے درمیان ہم آہنگی، اعتماد اور آپریشنل صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے باقاعدگی سے منعقد کی جاتی ہیں، خصوصاً انسداد دہشتگردی کے شعبے میں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.