مستونگ میں سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی، 2 دہشتگرد ہلاک، کلیئرنس آپریشن جاری
مستونگ: بلوچستان کے ضلع مستونگ کے علاقے کردگاپ میں پاکستانی سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کا منصوبہ ناکام بنا دیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشتگرد ہلاک جبکہ 3 زخمی ہو گئے۔ فورسز نے دہشتگردوں کی لاشیں، زخمی ملزمان، 2 گاڑیاں اور 2 موٹر سائیکلیں اپنی تحویل میں لے لیں۔
حکام نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی افواہوں کو بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ صورتحال مکمل طور پر کنٹرول میں ہے۔ذرائع کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشن تاحال جاری ہے اور سیکیورٹی فورسز ملک دشمن عناصر کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشتگرد عناصر کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری ہیں، جن کا مقصد امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانا اور دہشتگردی کے نیٹ ورکس کا خاتمہ ہے۔
