ابوظہبی کو 2 ارب ڈالر ادائیگی، پاکستان نے پہلے متبادل ذرائع سے بندوبست کیا : ذرائع
اسلام آباد: حکومتی ذرائع کے مطابق پاکستان نے متحدہ عرب امارات کو 2 ارب ڈالر کی ادائیگی کا فیصلہ متبادل ذرائع سے فنڈز کے بندوبست کے بعد کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کو جون تک مجموعی طور پر 4.8 ارب ڈالر کی ادائیگیاں کرنا ہیں اور ان تمام ادائیگیوں کے لیے مالی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ مزید بتایا گیا ہے کہ پاکستان کو دو دوست ممالک کی جانب سے 5 ارب ڈالر سے زائد مالی معاونت کی یقین دہانی بھی حاصل ہو چکی ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق پاکستان کو مجموعی طور پر یو اے ای کو 3.5 ارب ڈالر تین مختلف مالیاتی مدات میں ادا کرنے ہیں۔ اس ضمن میں ایک اہم پیش رفت یہ ہے کہ 10 سالہ یورو بانڈ اپنی مدت پوری ہونے کے بعد میچور ہو چکا ہے، جس کی ادائیگی اسی ہفتے متوقع ہے۔ اس یورو بانڈ کا حجم 1.3 ارب ڈالر بتایا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت کا کہنا ہے کہ بروقت ادائیگیوں سے نہ صرف مالی ساکھ بہتر ہوگی بلکہ عالمی مالیاتی اداروں کا اعتماد بھی مستحکم ہوگا۔
