واشنگٹن: امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا، ایران اور علاقائی ثالثوں کے ایک گروپ کے درمیان ممکنہ 45 روزہ جنگ بندی کی شرائط پر غور جاری ہے، جس کا مقصد جاری کشیدگی کو کم کرتے ہوئے مستقل امن کی راہ ہموار کرنا ہے۔
رپورٹس کے مطابق مذکورہ مذاکرات میں دو مرحلوں پر مشتمل فریم ورک زیرِ بحث ہے۔ پہلے مرحلے میں 45 روزہ جنگ بندی پر اتفاق کیا جائے گا، جس دوران فریقین جنگ کے مستقل خاتمے کے لیے مذاکرات کو آگے بڑھائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ 48 گھنٹوں میں کسی جزوی معاہدے تک پہنچنے کے امکانات محدود ہیں، تاہم اسے کشیدگی میں مزید اضافے کو روکنے کی آخری سفارتی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق دوسرے مرحلے میں جنگ کے مکمل خاتمے کے لیے ایک جامع معاہدہ طے کیا جائے گا۔ اگر مذاکرات کو مزید وقت درکار ہوا تو جنگ بندی میں توسیع بھی ممکن ہے۔
امریکی خبررساں ادارے کے مطابق وائٹ ہاؤس اور امریکی محکمہ خارجہ نے اس رپورٹ پر فوری تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے۔
