پاک افغان شاہراہ پر گاڑی سیلابی ریلے میں بہہ گئی، 3 افراد جاں بحق
پشاور: پاک افغان شاہراہ پر نیکی خیل کے مقام پر ایک گاڑی سیلابی ریلے میں بہہ گئی، جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ ایک شخص کی تلاش جاری ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ چوتھے لاپتا شخص کی تلاش کے لیے آپریشن جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ رات بھر ہونے والی موسلادھار بارش کے باعث برساتی نالوں میں طغیانی آ گئی، جس سے یہ حادثہ پیش آیا۔
دوسری جانب ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی تیز بارش کے باعث یوسف اڈہ کے علاقے میں ایک شو روم کی چھت گر گئی۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق چھت گرنے سے متعدد گاڑیوں کو نقصان پہنچا جبکہ سولر پینل بھی ٹوٹ گئے۔
حکام نے شہریوں کو خراب موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور برساتی نالوں کے قریب جانے سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
