ایران جنگ کے اثرات: امریکہ کا دفاعی بجٹ 1.5 ٹریلین ڈالر تک بڑھانے کی تجویز
واشنگٹن: امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف جاری 35 روزہ جنگ کے باعث مالی دباؤ میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جس کے پیش نظر وائٹ ہاؤس نے دفاعی بجٹ میں غیر معمولی اضافے کی تجویز پیش کر دی ہے۔
عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق وائٹ ہاؤس نے آئندہ مالی سال 2027 کے لیے دفاعی اخراجات بڑھا کر 1.5 ٹریلین ڈالر کرنے کی سفارش امریکی ارکان پارلیمان کو ارسال کی ہے۔ یہ رقم 2026 کے تقریباً 1 ٹریلین ڈالر دفاعی بجٹ کے مقابلے میں 42 فیصد، یعنی 445 ارب ڈالر زیادہ ہے، جسے دوسری عالمی جنگ کے بعد سب سے بڑا اضافہ قرار دیا جا رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق یہ تجویز فی الحال ابتدائی نوعیت کی ہے اور اس کے نفاذ کے لیے امریکی کانگریس کی منظوری درکار ہوگی۔ تاہم دفاعی بجٹ میں اتنے بڑے اضافے کی تجویز اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ جاری جنگ نے امریکی وسائل پر کتنا شدید دباؤ ڈالا ہے۔
ماہرین کے مطابق اگر یہ بجٹ منظور ہو جاتا ہے تو امریکا کا مالی خسارہ مزید بڑھ سکتا ہے، جبکہ صحت اور تعلیم جیسے دیگر شعبوں کے لیے فنڈنگ متاثر ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ عالمی معیشت پر بھی اس کے اثرات مرتب ہونے کا امکان ہے۔مزید پیش رفت کانگریس میں ہونے والی بحث اور منظوری کے عمل کے بعد سامنے آئے گی۔
