وزیر اعظم کا عوام کے لئے بڑا ریلیف :پیٹرول 80 روپے فی لیٹر سستا، نئی قیمت 378 روپے مقرر
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرول کی قیمت میں فوری طور پر 80 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کرتے ہوئے نئی قیمت 378 روپے فی لیٹر مقرر کر دی ہے۔
قوم سے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پیٹرول کی قیمت 458 روپے سے کم کر کے 378 روپے فی لیٹر کی جا رہی ہے، جس کا مقصد مہنگائی کے دباؤ میں عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔
پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی نئی قیمت 378 روپے 41 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے، جبکہ ڈیزل کی قیمت 520 روپے 35 پیسے فی لیٹر برقرار رکھی گئی ہے۔
اعلامیے کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے ہو چکا ہے اور یہ کمی آئندہ ایک ماہ تک ملک بھر میں نافذ العمل رہے گی۔
وزیراعظم نے اپنے خطاب میں یہ بھی اعلان کیا کہ وفاقی کابینہ کے اراکین دو ماہ کے بجائے چھ ماہ کی تنخواہیں سرکاری خزانے میں جمع کرائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ خطے میں تیل کی قیمتیں بلند سطح پر ہیں جس کے باعث عام آدمی کو شدید معاشی چیلنجز کا سامنا ہے، حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔
