کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مہنگائی کے پیش نظر موٹرسائیکل سواروں کیلئے خصوصی ریلیف پیکج کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں رجسٹرڈ موٹرسائیکل مالکان کو ہر ماہ 2 ہزار روپے سبسڈی دی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ یہ فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اہم اجلاس میں کیا گیا، جس میں خطے کی کشیدہ صورتحال اور عوامی مشکلات کے پیش نظر ٹارگٹڈ سبسڈی دینے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیراعلیٰ کے مطابق سندھ میں تقریباً 66 لاکھ موٹرسائیکلیں رجسٹرڈ ہیں اور ہر اہل موٹرسائیکل سوار کو اپریل سے ماہانہ 2 ہزار روپے فراہم کیے جائیں گے، جو 20 لیٹر پٹرول کے حساب سے فی لیٹر 100 روپے سبسڈی کے برابر ہوگا۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ سبسڈی کی رقم ایک مخصوص موبائل ایپ کے ذریعے دی جائے گی، جس میں رجسٹرڈ موٹرسائیکل کے مالک کے اکاؤنٹ میں براہ راست رقم منتقل کی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شہری اپنی موٹرسائیکل اپنے نام پر منتقل کرائیں، اس مقصد کیلئے 15 دن تک ٹرانسفر فیس بھی معاف کی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ایپ میں شناختی کارڈ نمبر درج کرنے سے موٹرسائیکل کی تفصیلات سامنے آجائیں گی اور تصدیق کے 15 دن بعد سبسڈی کی رقم منتقل کر دی جائے گی۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلے میں یہ سبسڈی اپریل کے مہینے کیلئے دی جائے گی، جبکہ صوبے میں رجسٹرڈ گاڑیوں، ٹرکوں اور بسوں کو بھی مرحلہ وار ریلیف دینے پر غور کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انٹر سٹی اور انٹرا سٹی ٹرانسپورٹ مالکان کو کرایوں میں اضافہ نہ کرنے کا پابند بنایا جائے گا، جبکہ وفاقی حکومت کی جانب سے مسافر بسوں کیلئے ایک لاکھ روپے تک امداد فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔
