چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی سے نیب چیئرمین کی ملاقات،کرپشن کے خاتمے اور شفافیت کے فروغ پر اتفاق
اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی سے چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی، جس میں ملک میں شفافیت کے فروغ اور کرپشن کے خاتمے سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران چیئرمین سینیٹ نے کرپشن کے خلاف مؤثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ شفافیت کا فروغ پائیدار ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ مضبوط ادارے ہی ملک کی ترقی اور خوشحالی کی ضمانت بنتے ہیں۔
یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ نیب کی کاوشیں عالمی ترقیاتی اہداف سے ہم آہنگ ہیں اور کرپشن کے خلاف جنگ میں ادارے کا کردار قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے نیب کی جانب سے 6 کھرب روپے سے زائد کی تاریخی ریکوری، ڈیجیٹل اصلاحات اور عوام دوست اقدامات کو سراہتے ہوئے نیب رپورٹ 2025 کو شفافیت کی عکاس اہم دستاویز قرار دیا۔
چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا کہ شفافیت اور احتساب بہتر طرزِ حکمرانی کے بنیادی ستون ہیں اور کرپشن فری پاکستان ہی ترقی کی ضمانت ہے۔

اس موقع پر چیئرمین نیب نذیر احمد نے احتساب کے عمل کو مزید مؤثر بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ شفافیت کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے اور قومی وسائل کے تحفظ کے لیے نیب کی کوششیں جاری رہیں گی۔
ملاقات میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے چیئرمین سلیم مانڈوی والا اور سینیٹ کی فنکشنل کمیٹی برائے انسانی حقوق کی چیئرپرسن ثمینہ ممتاز زہری بھی موجود تھیں۔
