ایرانیوں کے رہائشی اسٹیٹس سے متعلق دعویٰ مسترد، یواے ای وزارت خارجہ کی وضاحت
ابوظہبی: متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ نے یو اے ای میں ایرانی شہریوں کے رہائشی اسٹیٹس سے متعلق گردش کرنے والے دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ایسی خبریں درست نہیں ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس سے قبل ایک اماراتی ائیرلائن کی جانب سے کہا گیا تھا کہ ایرانی شہریوں کو انٹری اور ٹرانزٹ کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ ایک اور ائیرلائن نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ گولڈن ویزا رکھنے والے ایرانی اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔
تاہم اماراتی وزارت خارجہ نے اپنے وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ ایرانیوں کے رہائشی اسٹیٹس میں کسی تبدیلی سے متعلق دعوے بے بنیاد ہیں۔ وزارت کے مطابق متحدہ عرب امارات ایرانی کمیونٹی کو اپنے متنوع سماجی ڈھانچے کا اہم اور لازمی حصہ سمجھتا ہے۔
وزارت خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ ملک میں مقیم مختلف قومیتوں کے افراد کو مساوی اہمیت دی جاتی ہے اور ان کے حقوق اور حیثیت کا مکمل تحفظ کیا جاتا ہے۔
