بلوچستان: قلعہ عبداللہ اور دیگر علاقوں میں سیلابی ریلے، مسافر وین اور ٹرک بہہ گئے
چمن: بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ، گلستان اور جنگل پیرعلیزئی کے مختلف مقامات پر شدید سیلابی ریلے نے تباہی مچادی۔
ضلع انتظامیہ کے مطابق تحصیل گلستان کے علاقے حبیب زئی میں ایک ٹرک سیلابی ریلے میں بہہ گیا، جس میں اشیائے خورونوش موجود تھیں۔
سیلابی ریلے کے دوران ایک مسافر وین بھی بہہ گئی، جس میں 15 مسافر سوار تھے۔ ریسکیو آپریشن فوری طور پر شروع کر دیا گیا ہے۔
انتظامیہ نے بتایا کہ قلعہ عبداللہ ندی میں سیلابی ریلہ اونچے درجے پر ہے اور کوئٹہ-چمن شاہراہ پر ٹریفک متاثر ہے۔ اس کے علاوہ، پشین اور توبہ اچکزئی کے مختلف برساتی ندیوں میں بھی مسافر گاڑیاں پھنس گئی ہیں، اور صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے۔
