کوئٹہ: مغربی بائی پاس پر گیس پائپ لائن دھماکے سے متاثر، شہریوں کو متبادل انتظامات کی ہدایت
کوئٹہ: کوئٹہ کے مغربی بائی پاس پر گیس پائپ لائن میں دھماکے کے نتیجے میں 18 انچ قطر کی پائپ لائن کو شدید نقصان پہنچا ہے، جس کے باعث گیس کی فراہمی متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔
سوئی سدرن گیس کمپنی بلوچستان کے جنرل منیجر کے مطابق واقعے کے بعد سکیورٹی کلیئرنس ملنے پر نقصانات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ متاثرہ پائپ لائن کی مرمت کے لیے درکار سامان کراچی سے منگوایا جائے گا، جس کے باعث بحالی کے عمل میں وقت لگ سکتا ہے۔
حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ آئندہ ایک سے دو روز کے لیے گیس کے متبادل ذرائع کا انتظام کر لیں، جبکہ مرمتی کام مکمل ہونے کے بعد گیس کی فراہمی بحال کر دی جائے گی۔
