غیرقانونی شہریت رکھنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن، نادرا کو ڈیٹا بیس سے اخراج کی ہدایت

0

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے غیرقانونی طور پر پاکستانی شہریت حاصل کرنے والوں کو نیشنل ڈیٹا بیس سے نکالنے کی ہدایت کر دی۔

وزیر داخلہ نے نادرا ہیڈکوارٹرز کے دورے کے دوران اجلاس کی صدارت کی، جہاں چیئرمین نادرا نے ادارے کی کارکردگی، جاری اور آئندہ منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر محسن نقوی نے نادرا کی کارکردگی اور عوامی خدمات کو سراہا۔

اجلاس کے دوران وزیر داخلہ نے واضح ہدایت جاری کی کہ غیرقانونی پاکستانی شہریت رکھنے والوں کو فوری طور پر نیشنل ڈیٹا بیس سے خارج کیا جائے۔

محسن نقوی نے کہا کہ گزشتہ دو برس کے دوران نادرا کی خدمات میں نمایاں بہتری آئی ہے، اور ادارے کے جدید دفاتر کرائے کی عمارتوں کے بجائے اپنی ملکیتی اراضی پر تعمیر کیے جائیں۔ انہوں نے اس سلسلے میں ماسٹر پلان بھی طلب کر لیا۔وزیر داخلہ نے متعلقہ اداروں کے ساتھ مؤثر رابطے اور وزارتی سطح پر مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے نادرا نے متعدد اقدامات کیے ہیں، جن میں بائیو میٹرک تصدیق کے لیے چہرے کی شناخت کا نظام بھی شامل ہے، تاہم اس کے نفاذ کے لیے دیگر اداروں کے تعاون کی ضرورت ہے۔

مزید بتایا گیا کہ نادرا کی جانب سے لاکھوں فوت شدہ افراد کے شناختی کارڈ منسوخ کیے جا چکے ہیں، جبکہ شناختی کارڈ سے متعلق مسائل کے حل کے لیے 30 دن کی مدت مقرر کی گئی ہے۔ علاوہ ازیں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے تعاون سے فوت شدہ افراد کے نام پر جاری موبائل سمز کو بھی بلاک کیا جا رہا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.