کویت کی پاکستان کو ڈیزل اور جیٹ فیول ترسیل میں مکمل سہولت فراہم کرنے کی یقین دہانی
اسلام آباد: کویت پیٹرولیم کارپوریشن نے پاکستانی پرچم بردار جہازوں کو کویت سے ڈیزل اور جیٹ فیول کی ممکنہ ترسیل کے لیے مکمل سہولت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرا دی۔
یہ یقین دہانی وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک سے کویت کے سفیر ناصر عبدالرحمن جاسم المطیری کی ملاقات کے دوران کرائی گئی۔
پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق کویت پیٹرولیم کارپوریشن کی جانب سے یہ پیش رفت دونوں ممالک کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی جانب اہم قدم ہے۔
اس موقع پر علی پرویز ملک نے کویتی ادارے کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولت پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور کویت کے درمیان توانائی کے شعبے میں دیرینہ تعلقات موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 50 برس سے پاکستان، خصوصاً ڈیزل سمیت پیٹرولیم مصنوعات، کویت سے درآمد کر رہا ہے جو دونوں ممالک کے درمیان اعتماد اور مضبوط شراکت داری کا مظہر ہے۔
کویتی سفیر نے اس موقع پر پاکستان کی مسلسل حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ کویت، پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا خواہاں ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف علاقائی تنازعات کے پرامن حل کے لیے فعال سفارتی کردار ادا کر رہے ہیں، جبکہ کویتی سفیر نے خطے میں امن کے فروغ کے لیے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔
