مشرقِ وسطیٰ کشیدگی: پاکستان اور چین کا اسٹریٹجک تعاون مزید مضبوط بنانے کا فیصلہ
بیجنگ: مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی کے تناظر میں پاکستان اور چین نے اسٹریٹجک تعاون کو مزید فروغ دینے اور خطے میں امن کے قیام کیلئے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق چین اور پاکستان ہر حال میں اسٹریٹجک شراکت دار ہیں اور دونوں ممالک بین الاقوامی و علاقائی امور پر یکساں مؤقف رکھتے ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے ایران کے معاملے پر قریبی رابطہ رکھنے اور اسٹریٹجک تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا ہے، جبکہ خطے میں کشیدگی کم کرنے کیلئے مشترکہ سفارتی کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
چینی وزارت خارجہ کے مطابق چین خطے میں امن و استحکام کے قیام کیلئے تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا اور تمام فریقین پر زور دیتا ہے کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں۔
ترجمان نے تصدیق کی کہ حالیہ کشیدہ صورتحال کے باوجود تین چینی جہاز آبنائے ہرمز سے بحفاظت گزر گئے، جس پر متعلقہ فریقوں کے تعاون کو سراہا گیا۔
چین نے جنگ کے دوران تاریخی مقامات کو پہنچنے والے نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے خصوصاً امریکا اور اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر فوجی کارروائیاں بند کریں اور کشیدگی میں مزید اضافے سے گریز کریں۔
