ایتھوپیا میں شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے ہلاکتیں، پاکستان کا اظہار افسوس
اسلام آباد:پاکستان نے ایتھوپیا میں شدید بارشوں اور زمین کھسکنے کے واقعات کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں اور تباہ کاریوں پر ایتھوپیا کی حکومت اور عوام سے گہری تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پاکستان اس مشکل گھڑی میں ایتھوپیا کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔
بیان میں متاثرہ کمیونٹیز کے لیے دعاؤں اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا اور ایتھوپیا کی حکومت کی ان کوششوں کو سراہا گیا جو متاثرین کی امداد اور بحالی کے لیے دن رات جاری ہیں۔
دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان متاثرہ عوام کے ساتھ مکمل تعاون کا اعادہ کرتا ہے اور ہر ممکن طریقے سے مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔
حالیہ دنوں میں ایتھوپیا کے مختلف علاقوں میں غیر معمولی بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کے متعدد واقعات پیش آئے جس کے نتیجے میں درجنوں افراد ہلاک اور بڑی تعداد میں لوگ بے گھر ہوئے۔ حکام کے مطابق شدید بارشوں نے انفراسٹرکچر کو بھی نقصان پہنچایا جبکہ امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں سرچ اور ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں۔
