نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا برطانوی سیکریٹری خارجہ سے ٹیلیفونک رابطہ، مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تبادلہ خیال

0

اسلام آباد:پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے آبنائے ہرمز میں بڑھتی ہوئی حالیہ کشیدگی کے تناظر میں امریکا اور ایران کے درمیان تنازع کو سفارتی ذرائع سے حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

 دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق نائب وزیراعظم نے برطانیہ کی سیکریٹری خارجہ ایویٹ کوپر سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا جس کے دوران خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

برطانوی وزیر خارجہ نے خطے میں دیرپا امن کے لیے فریقین کے درمیان مذاکرات اور ثالثی کے حوالے سے پاکستان کی کوششوں کو سراہا، جبکہ اسحاق ڈار نے عالمی امن و استحکام کے لیے پاکستان کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تمام مسائل کا حل بات چیت اور سفارت کاری میں ہی مضمر ہے۔

 دونوں رہنماؤں نے اس تنازع کے عالمی معیشت پر پڑنے والے اثرات پر بھی تبادلہ خیال کیا اور باہمی دلچسپی کے علاقائی و بین الاقوامی امور پر قریبی ہم آہنگی برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔

یہ سفارتی رابطہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے باوجود آبنائے ہرمز میں صورتحال دوبارہ کشیدہ ہو گئی ہے اور امریکی فوج نے تجارتی جہازوں کو نشانہ بنانے والی ایران کی 6 چھوٹی کشتیوں کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

 اس کے علاوہ متحدہ عرب امارات نے بھی ایران کی جانب سے تازہ میزائل اور ڈرون حملوں کی اطلاع دی ہے جنہیں اماراتی فضائی دفاعی نظام نے کامیابی سے ناکام بنا دیا۔

 پاکستان نے اس بحران کے دوران دونوں ممالک کے درمیان رابطے بحال کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے، جس میں گزشتہ ماہ اسلام آباد مذاکرات کی میزبانی بھی شامل ہے، اور عالمی سطح پر پاکستان کے اس مصالحتی کردار اور جنگ بندی کے لیے کی جانے والی پہلی اپیل کو بھرپور پذیرائی ملی ہے۔

اگرچہ مذاکرات کے دوسرے دور کے انعقاد میں تاخیر اور فریقین کے درمیان اب بھی نمایاں اختلافات موجود ہیں، لیکن پاکستان بحران کے خاتمے کے لیے سفارتی ذرائع کو متحرک رکھنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.