پاکستان اور افغانستان کشیدگی: چین کی ثالثی کی پیشکش، مذاکرات پر زور

0

بیجنگ: چین نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان جاری سرحدی کشیدگی کم کرنے کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھنے کی پیشکش کا اعادہ کیا ہے۔

چین کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان لن جیان نے پیر کو میڈیا بریفنگ کے دوران کہا کہ موجودہ صورتحال میں سب سے فوری ضرورت یہ ہے کہ جنگ کے پھیلاؤ کو روکا جائے اور دونوں ممالک کو جلد از جلد مذاکرات کی میز پر واپس لایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ چین، پاکستان اور افغانستان کے درمیان مفاہمت اور تعلقات میں بہتری کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھنے کے لیے تیار ہے۔ ترجمان کے مطابق بیجنگ حالیہ دنوں میں دونوں ممالک کے درمیان ثالثی کے لیے بھی سرگرم کردار ادا کر رہا ہے۔

چند روز قبل چین کے وزیر خارجہ وانگ جے نے افغان ہم منصب سے ٹیلی فون پر گفتگو میں اسلام آباد اور کابل کے درمیان تنازعات کو طاقت کے بجائے مکالمے اور مشاورت کے ذریعے حل کرنے پر زور دیا تھا۔

واضح رہے کہ طالبان  کے 2021 میں کابل  میں اقتدار سنبھالنے کے بعد سے  پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں دوبارہ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.