اسحاق ڈار سے قائم مقام امریکی ناظم الامور کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال

0

اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار سے پاکستان میں تعینات امریکا کے قائم مقام ناظم الامور زکری ہارکن رائیڈر نے ملاقات کی جس میں پاک۔امریکا دوطرفہ تعلقات، سفارتی تعاون اور خطے کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزارت خارجہ کے  ترجمان کے مطابق ملاقات میں دونوں جانب سے پاکستان اور امریکا کے درمیان جاری سفارتی روابط، باہمی تعاون اور علاقائی پیش رفت کا جامع جائزہ لیا گیا۔ فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال میں قریبی رابطے اور مسلسل سفارتی مشاورت انتہائی اہم ہے۔

ملاقات کے دوران نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور تعمیری سفارت کاری کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مؤثر سفارتی مکالمہ اور باہمی تعاون ناگزیر ہے۔

اسحاق ڈار نے اس بات کو بھی اجاگر کیا کہ خطے میں کشیدگی میں کمی اور پائیدار امن کے قیام کے لیے عالمی برادری کو مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں تنازعات کے پرامن حل، اقتصادی تعاون اور علاقائی روابط کے فروغ کو اہمیت دیتا ہے۔

قائم مقام امریکی ناظم الامور زکری ہارکن رائیڈر نے اس موقع پر کہا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو اہمیت دیتا ہے اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے علاقائی امن اور استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو بھی سراہا۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان سفارتی سطح پر روابط کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی تعاون کے مختلف شعبوں میں پیش رفت جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.