پنجاب اور ازبکستان کے درمیان تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ کے معاہدے کی تیاری شروع
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت پنجاب اور ازبکستان کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور برآمدات کے فروغ کے لیے مشترکہ معاہدے کی تیاری کا آغاز کردیا گیا ہے۔
پنجاب حکومت کے وزرا کے وفد نے سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی قیادت میں ازبکستان کے تاشقند ریجن کے گورنر زوئر طائیرووچ مرزاییف اور ان کے وفد سے ملاقات کی، جس میں دونوں اطراف نے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
مذاکرات کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ ثقافت اور تاریخی ورثے کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ ورکنگ کمیٹی قائم کی جائے گی۔ اجلاس میں خوراک و زراعت، حیوانات، گوشت، ادویات اور ہوٹل انڈسٹری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
اس موقع پر صوبائی وزرا مجتبیٰ شجاع الرحمان، خواجہ سلمان رفیق، صہیب احمد بھرت، عاشق حسین کرمانی اور چوہدری شافع حسین بھی موجود تھے۔ جبکہ ازبکستان کی جانب سے تاشقند کے نائب گورنر نجم الدین خودجا شریپوف، گورنر کے مشیر برائے صنعت دلشاد رسولوف، سرمایہ کار شخصیات، پاکستان میں ازبکستان کے اعزازی قونصل نجیب مشتاق وہرا اور ازبک سفارت خانے کے اعلیٰ حکام اجلاس میں شریک ہوئے۔
اجلاس میں ثقافت، سیاحت اور تفریحی منصوبوں پر تعاون، مشترکہ ثقافتی پروگرامز کے انعقاد اور فنونِ لطیفہ کے فروغ کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس کے علاوہ پنجاب میں صنعت، تجارت، ٹیکنالوجی اور انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری کے نئے منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ توانائی، تعلیم اور ہنرمندی کے فروغ کے منصوبوں پر تعاون کے امکانات پر بھی بات چیت ہوئی۔
گورنر تاشقند ریجن زوئر طائیرووچ مرزاییف نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے پنجاب میں ترقی، ثقافت اور ورثے کے فروغ کے اقدامات کو سراہا۔
اس موقع پر سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے بتایا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی نگرانی میں ثقافتی ورثے کے تحفظ، بحالی اور سیاحت کے فروغ کے لیے “میگنیفیشنٹ پنجاب” پروگرام شروع کیا گیا ہے جس کے تحت گزشتہ ڈیڑھ سال میں اہم اقدامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں سیاحت کی درجہ بندی کی گئی ہے اور ٹورازم اتھارٹی بھی قائم کی جا چکی ہے، جبکہ تاریخی مقامات، عجائب گھروں اور قدیمی عمارتوں کی بحالی کا عمل تیزی سے جاری ہے۔
مریم اورنگزیب نے مزید بتایا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف جلد تاشقند کا دورہ کریں گی۔گورنر مرزاییف نے لاہور کے ثقافتی ورثے، شاہی قلعہ کے تحفظ، روایتی پکوانوں اور شہر کی رونق کی بھی تعریف کی اور پرتپاک میزبانی پر وزیراعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔
ازبکستان کے وفد کی آمد کے موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے عشائیہ بھی دیا گیا جس کی میزبانی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کی۔
