ایران کا خطے کے ممالک سے کسی تنازع کا ارادہ نہیں، عالمی برادری جنگ کے ذمہ داروں پر توجہ دے: صدرشکیان
صدر مسعود پزشکیان اور وزیر اعظم شہباز شریف کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ، خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال
تہران: ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران کا خطے کے دیگر ممالک کے ساتھ کسی تنازع میں پڑنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے اور عالمی امن و سلامتی کے لیے ضروری ہے کہ عالمی برادری جنگ کے اصل ذمہ داروں پر توجہ دے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق صدر مسعود پزشکیان اور وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو ہوئی جس میں خطے کی مجموعی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
گفتگو کے دوران ایرانی صدر نے کہا کہ اگر عالمی برادری جنگ کے ذمہ دار عناصر کا احتساب نہ کرے تو اس سے عالمی نظام اور سکیورٹی کو سنگین خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایران خطے میں کشیدگی نہیں چاہتا اور دیگر ممالک کے ساتھ تنازع سے گریز کی پالیسی پر قائم ہے۔
دریں اثنا وزیر اعظم شہباز شریف نے ایران کے نومنتخب سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کو خط ارسال کیا ہے۔ خط میں انہوں نے آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ایرانی عوام اور امت مسلمہ کے لیے پاکستانی عوام کی جانب سے ہمدردی اور دعاؤں کا پیغام دیا۔
وزیراعظم نے اپنے پیغام میں ایران کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مشکل گھڑی میں ایران کے ساتھ کھڑا ہے۔
