افغانستان اور سری لنکا کے درمیان وائٹ بال سیریز علاقائی کشیدگی کے باعث ملتوی
دبئی : افغانستان اور سری لنکا کے درمیان ہونے والی وائٹ بال کرکٹ سیریز علاقائی جنگی صورتحال کے پیش نظر ملتوی کر دی گئی ہے۔
افغانستان کرکٹ بورڈ (اے سی بی) کے مطابق سری لنکا کے ساتھ وائٹ بال سیریز یو اے ای میں 13 سے 25 مارچ کے دوران کھیلنی تھی، تاہم اب اسے رواں سال کے آخر تک ری شیڈول کر دیا گیا ہے۔ بورڈ نے کہا کہ خطے کی کشیدہ صورتحال اور لاجسٹک مسائل کی وجہ سے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
ابتدائی شیڈول کے مطابق تین ٹی ٹوئنٹی میچز 13، 15 اور 17 مارچ کو شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے تھے جبکہ تین ون ڈے میچز 20، 22 اور 25 مارچ کو دبئی میں کھیلنے تھے۔
افغانستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ نئے شیڈول کی تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی، اور کھلاڑیوں اور شائقین کو سہولت کے لیے مناسب انتظامات کیے جائیں گے۔
