مردوں میں قبل از وقت بڑھاپے کی بڑی وجہ سامنے آگئی، چینی تحقیق میں اہم انکشاف

0

بیجنگ :موجودہ دور میں مردوں میں قبل از وقت بڑھاپے کے بڑھتے رجحان کی ایک اہم وجہ سامنے آگئی ہے۔ چین کی معروف درسگاہ جیاؤ ٹونگ یونیورسٹی اسکول آف میڈیسن کی تحقیق میں انکشاف کیا گیا ہے کہ "فار ایور کیمیکلز” یعنی پی ایف اے ایس مردوں کو قبل از وقت بوڑھا بنانے میں کردار ادا کرتے ہیں۔

تحقیق کے مطابق انسانوں کے تیار کردہ پر فلورواکائل اور پولی فلورواکائل سبسٹینسز (PFAS) نامی کیمیکلز 50 سال سے زائد عمر کے مردوں میں حیاتیاتی عمر بڑھنے کی رفتار تیز کر دیتے ہیں۔ یہ کیمیکلز عام طور پر فرنیچر، فوڈ پیکجنگ اور دیگر روزمرہ اشیا کی تیاری میں استعمال ہوتے ہیں اور انہیں "فار ایور کیمیکلز” اس لیے کہا جاتا ہے کیونکہ یہ قدرتی طور پر ختم ہونے میں بہت زیادہ وقت لیتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق پی ایف اے ایس کو پہلے بھی امراضِ قلب، کینسر اور دیگر بیماریوں سے منسلک کیا جا چکا ہے، تاہم نئی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ یہ کیمیکلز مردوں کی حیاتیاتی عمر (Biological Age) میں تیزی لا سکتے ہیں۔

طبی ماہرین واضح کرتے ہیں کہ ہر فرد کی ایک کرانیکل عمر (تاریخ پیدائش کے مطابق) اور ایک حیاتیاتی عمر ہوتی ہے، جو جسمانی و ذہنی افعال کی بنیاد پر متعین کی جاتی ہے۔ حیاتیاتی عمر جتنی زیادہ ہوگی، مختلف امراض کا خطرہ بھی اتنا ہی بڑھ جاتا ہے۔

اس تحقیق میں 1999 اور 2000 کے دوران ایک امریکی سروے میں شامل 326 معمر مردوں اور خواتین کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا۔ خون کے نمونوں میں پی ایف اے ایس کی 11 اقسام کی موجودگی جانچی گئی اور پھر ان کے حیاتیاتی عمر پر اثرات کا جائزہ لیا گیا۔

نتائج کے مطابق 50 سے 64 سال کی عمر کے مردوں میں ان کیمیکلز کے باعث حیاتیاتی عمر بڑھنے کی رفتار تیز پائی گئی، جبکہ خواتین پر نمایاں اثرات سامنے نہیں آئے۔

محققین کا کہنا ہے کہ نتائج اہم ضرور ہیں مگر گھبرانے کی ضرورت نہیں، بلکہ ان کیمیکلز سے ممکنہ حد تک بچاؤ اختیار کرنا چاہیے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.