وزیراعظم کا پاکستان اور ازبکستان کے درمیان تجارت 2029 تک 2 ارب ڈالر تک بڑھانے کا عزم
اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان باہمی تجارت کو 2029 تک 2 ارب ڈالر تک لے جانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
پاکستان ازبکستان بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے ازبک سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور کہا کہ گزشتہ بزنس فورم کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تجارتی سرگرمیاں 45 کروڑ ڈالر تک پہنچ چکی ہیں، تاہم اس میں مزید اضافے کی گنجائش موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ازبکستان میں چاول اور آلو کی نمایاں طلب ہے، جسے پاکستان بخوبی پورا کر سکتا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے دونوں ممالک کے نجی شعبے کے درمیان 3 ارب ڈالر سے زائد کے معاہدوں کو اہم پیشرفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدے دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جائیں گے۔
ازبکستان کے صدر شوکت مرزا یوف نے بھی پاکستان اور ازبکستان کے درمیان طے پانے والے معاہدوں پر مؤثر عملدرآمد کے عزم کا اظہار کیا۔
دوسری جانب دفتر خارجہ کی جانب سے پاکستان اور ازبکستان کا مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کر دیا گیا۔ پاکستان نے ازبک ٹرانزٹ کارگو کو اپنی بندرگاہوں اور سڑکوں کے استعمال کی پیشکش کی ہے، جبکہ ازبکستان، افغانستان اور پاکستان کے درمیان مجوزہ ریلوے منصوبے کو بھی متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا ہے۔
اس موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے ایوان صدر میں ازبکستان کے صدر کو پاکستان کے اعلیٰ ترین سول اعزازنشانِ پاکستان سے بھی نوازا ۔
