وفاقی حکومت آپریشن کا ملبہ صوبے پر ڈالنے کی ناکام کوشش کر رہی ہے: معاون خصوصی کے پی

0

پشاور: خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان نے وفاقی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی حکومت وادی تیراہ میں جاری آپریشن کا ملبہ صوبائی حکومت پر ڈالنے کی ناکام کوشش کر رہی ہے۔

وفاقی حکومت کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے شفیع جان نے کہا وادی تیراہ سے لوگوں کے انخلا سے متعلق وفاقی حکومت کا بیان بے بنیاد ہے اور زمینی حقائق کے برعکس ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم جان چکی ہے کہ وادی تیراہ سے لوگ آپریشن کی وجہ سے نقل مکانی پر مجبور ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی وزرا خواجہ آصف اور طلال چوہدری کی قومی اسمبلی میں تقاریر ریکارڈ پر موجود ہیں، جن میں آپریشن سے متعلق واضح مؤقف اختیار کیا گیا تھا، اس کے باوجود اب حقائق کو مسخ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

شفیع جان کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا وادی تیراہ آپریشن کے حوالے سے اپنا مؤقف متعدد بار واضح کر چکے ہیں اور صوبائی اسمبلی کے جرگہ امن میں تمام سیاسی جماعتوں نے آپریشن کی مخالفت کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ آپریشن پر کے پی حکومت، سیاسی جماعتوں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینا چاہیے تھا۔

انہوں نے کہا کہ نقل مکانی کرنے والوں کے لیے 4 ارب روپے کے اجرا سے متعلق وفاقی حکومت کا بیان انتہائی مضحکہ خیز ہے۔ شفیع جان کے مطابق متاثرین کو ریلیف دینے کے لیے صوبائی حکومت نے بروقت فنڈز جاری کیے اور عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت متاثرہ خاندانوں کی بحالی اور مدد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے، جبکہ وفاقی حکومت کو الزام تراشی کے بجائے زمینی حقائق کو تسلیم کرنا چاہیے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.