بھارت میں نیپا وائرس پھیلاؤ، ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 شدید خطرات سے دوچار

0

بھارت کی ریاست مغربی بنگال میں مہلک نیپا وائرس کے پھیلاؤ نے ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے انعقاد پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

 عالمی کرکٹ ایونٹ 7 فروری 2026 سے بھارت میں شروع ہونا ہے، تاہم وائرس کے نئے کیسز سامنے آنے کے بعد کھلاڑیوں، آفیشلز اور شائقین کی سلامتی پر شدید خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔

مغربی بنگال میں نیپا وائرس کے کم از کم5 تصدیق شدہ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، جن میں دو نرسیں اور ایک ڈاکٹر بھی شامل ہیں۔ متاثرہ افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، جبکہ تقریباً 100 سے زائد افراد کو قرنطینہ منتقل کر دیا گیا  اور نگرانی کے اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ نیپا وائرس کی نئی قسم ورلڈ کپ کے آغاز سے چند ہفتے قبل سامنے آئی ہے، جس کے باعث ایونٹ کی تیاریوں، ٹیموں کی آمد و رفت، لاجسٹکس اور سکیورٹی پلاننگ کو غیر یقینی صورتحال کا سامنا ہے۔ اگر وائرس مزید پھیلتا ہے تو میچ شیڈول اور شائقین کی شرکت بھی متاثر ہو سکتی ہے۔

یہ صورتحال ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ورلڈ کپ پہلے ہی تنازعات کی زد میں ہے۔ اس سے قبل بنگلہ دیش نے سکیورٹی خدشات کے باعث بھارت جانے سے انکار کیا تھا، تاہم آئی سی سی نے بنگلہ دیش کی درخواست مسترد کرتے ہوئے گروپ اسٹیج میں اس کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو شامل کر لیا۔

 پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی بنگلہ دیش کے مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پاکستان کی ورلڈ کپ میں شرکت حکومتِ پاکستان کی منظوری سے مشروط ہو گی۔

ذرائع کے مطابق پاکستان بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ پر بھی غور کر سکتا ہے، خاص طور پر اگر صحت اور سیکیورٹی خدشات برقرار رہے۔

نیپا وائرس ایک انتہائی مہلک بیماری ہے جو چمگادڑوں سے انسانوں میں منتقل ہوتی ہے۔ طبی رپورٹس کے مطابق اس وائرس کی اموات کی شرح 50 سے 75 فیصد تک ہو سکتی ہے اور اس کا تاحال کوئی مستند علاج یا ویکسین دستیاب نہیں۔ اسی وجہ سے بڑے بین الاقوامی اجتماعات کے لیے خطرات کئی گنا بڑھ جاتے ہیں۔

بھارت میں وائرس کے پھیلاؤ، سکیورٹی خدشات اور ٹیموں کے تحفظ سے متعلق سوالات نے آئی سی سی کے لیے ایک بڑا امتحان کھڑا کر دیا ہے۔ کرکٹ حلقوں میں یہ بحث زور پکڑتی جا رہی ہے کہ آیا ایسے حالات میں بھارت میں ورلڈ کپ کا انعقاد محفوظ اور ذمہ دارانہ فیصلہ ہو گا یا نہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.