’پاکستان بنگلہ دیش کو اکسا رہا ہے‘، نائب صدر بی سی سی آئی کی پاکستان پر شدید تنقید

0

نئی دہلی: بھارتی کرکٹ بورڈ بی سی سی آئی کے نائب صدر راجیو شکلانے ٹی 20 ورلڈ کپ کے معاملے پر بنگلہ دیش کی حمایت کرنے پر پاکستان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ پاکستان اس معاملے میں بلاجواز مداخلت کر رہا ہے اور بنگلہ دیش کو اکسا رہا ہے۔

بھارتی خبر ایجنسی سے گفتگو میں راجیو شکلا نے کہا کہ بھارت چاہتا تھا کہ بنگلہ دیش ورلڈ کپ میں کھیلے اور اس مقصد کے لیے مکمل سکیورٹی کی یقین دہانی بھی کرائی گئی تھی۔

 ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے بنگلہ دیش کو بتایا تھا کہ انہیں بھارت میں کوئی مسئلہ درپیش نہیں ہوگا، تاہم بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کی حکومت ٹیم کو بھارت بھیجنے کی اجازت نہیں دے رہی۔

راجیو شکلا کے مطابق چونکہ بنگلہ دیش نے آخری لمحات میں نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا، اس لیے پورے شیڈول کو تبدیل کرنا ممکن نہیں تھا، جس کے باعث اسکاٹ لینڈ کو گروپ میں شامل کیا گیا۔

انہوں نے الزام لگایا کہ پاکستان بغیر کسی وجہ کے اس معاملے میں مداخلت کر رہا ہے اور بنگلہ دیش کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے، جو کہ ان کے بقول سراسر غلط ہے۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش نے عدم تحفظ کی بنیاد پر بھارت جانے سے انکار کیا تھا اور اپنے تمام میچز سری لنکا منتقل کرنے کی درخواست کی تھی، تاہم آئی سی سی نے بنگلہ دیش کی درخواست مسترد کرتے ہوئے اس کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو گروپ میں شامل کر لیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.