پاور سیکٹر کے سرکلر ڈیٹ میں پھر اضافہ، رواں مالی سال کے پہلے 5 ماہ میں 223 ارب روپے بڑھ گئے

0

اسلام آباد: رواں مالی سال کے پہلے پانچ ماہ (جولائی تا نومبر 2025کے دوران پاور سیکٹر کے سرکلر ڈیٹ میں 223 ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد بجلی شعبے کا مجموعی سرکلر ڈیٹ بڑھ کر 1,837 ارب روپے تک پہنچ گیا ہے، جو جون 2025 میں 1,614 ارب روپے تھا۔

ذرائع کے مطابق سرکلر ڈیٹ میں کمی کے لیے کیے گئے معاہدوں کے باوجود گردشی قرضے میں اضافہ جاری ہے۔ ستمبر 2025 میں حکومت اور بینکوں کے درمیان سرکلر ڈیٹ میں 1,225 ارب روپے کمی کے معاہدوں کے دو ماہ بعد بھی صورتحال میں بہتری نہ آ سکی۔

اکتوبر اور نومبر 2025 کے دوران صرف دو ماہ میں پاور سیکٹر کا سرکلر ڈیٹ144 ارب روپے مزید بڑھ گیا۔ ذرائع کے مطابق ستمبر 2025 میں یہ رقم 1,693 ارب روپے تھی جو نومبر 2025 تک بڑھ کر 1,837 ارب روپے ہو گئی۔

اعداد و شمار کے مطابق اگرچہ رواں مالی سال کے دوران جون کے مقابلے میں سرکلر ڈیٹ میں 223 ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے، تاہم نومبر 2024 کے مقابلے میں نومبر 2025 تک بجلی شعبے کے سرکلر ڈیٹ میں 544 ارب روپے کی کمی بھی سامنے آئی ہے، کیونکہ نومبر 2024 میں سرکلر ڈیٹ 2,381 ارب روپے تھا۔

ستمبر 2025 میں پاور سیکٹر کے گردشی قرضے میں کمی کے لیے وفاقی حکومت اور 18 کمرشل بینکوں کے درمیان معاہدوں پر دستخط کیے گئے تھے، تاہم تازہ اعداد و شمار کے مطابق یہ اقدامات اب تک سرکلر ڈیٹ کو مکمل طور پر قابو میں لانے میں مؤثر ثابت نہیں ہو سکے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر وصولیوں، لائن لاسز اور سبسڈی کے نظام میں بنیادی اصلاحات نہ کی گئیں تو سرکلر ڈیٹ کا مسئلہ آئندہ بھی بجلی کے شعبے کے لیے ایک بڑا چیلنج بنا رہے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.