سٹیٹ بینک نے شرح سود 10.5 فیصد پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کر لیا
کراچی:سٹیٹ بینک آف پاکستان نے ملک میں مانیٹری پالیسی کے تحت شرح سود کو 10.5 فیصد پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد کے مطابق آئندہ دو ماہ تک شرح سود ساڑھے 10 فیصد پر برقرار رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی مجموعی شرح اس وقت 7.4 فیصد کی سطح پر ہے، جس کے پیش نظر موجودہ مانیٹری پالیسی کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
گورنرسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ معاشی استحکام، افراطِ زر میں بتدریج کمی اور مالیاتی توازن کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ اقتصادی سرگرمیوں کو سپورٹ کیا جا سکے اور قیمتوں کے دباؤ کو قابو میں رکھا جا سکے۔
ماہرین کے مطابق شرح سود برقرار رکھنے سے کاروباری طبقے اور سرمایہ کاروں کو پالیسی میں تسلسل کا پیغام ملے گا، جبکہ آئندہ مہینوں میں مہنگائی اور معاشی اشاریوں کی بنیاد پر مزید فیصلے کیے جا سکتے ہیں۔
