راولپنڈی: قومی پیغام امن کمیٹی (این پی اے سی) نے قومی بیانیے کے فروغ اور ریاست دشمن عناصر کے خلاف تعاون کی یقین دہانی پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری سے کرائی۔
یہ ملاقات جنرل ہیڈکوارٹر (جی ایچ کیو) میں ہوئی، جس میں داخلی سلامتی، دہشتگردی کے خلاف اقدامات اور عالمی مسئلہ کشمیر اور غزہ پر پاکستان کے اصولی موقف پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ فتنہ الخوارج، کالعدم ٹی ٹی پی اور ٹی ٹی اے کے تناظر میں داخلی سلامتی پر جامع بات چیت ہوئی اور مشترکہ مؤقف مزید مضبوط ہوا۔ انہوں نے زور دیا کہ قومی سلامتی کے امور میں یکسوئی اور بیانیے پر اتفاقِ رائے وقت کی اہم ضرورت ہے، جبکہ مظلوموں کی حمایت پاکستان کی اخلاقی ذمہ داری ہے۔
این پی اے سی نے ملاقات کے دوران قومی بیانیے کے فروغ کیلئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور پاک فوج کے ساتھ غیرمتزلزل یکجہتی اور ریاست دشمن بیانیوں کے خلاف مشترکہ عزم کا اظہار کیا۔ کمیٹی نے فتنہ الخوارج اور افغان طالبان کی مذمت کی اور واضح کیا کہ دہشتگردی کا کوئی جواز نہیں۔
این پی اے سی نے منبر و محراب کے ذریعے اتحادِ امت، سماجی ہم آہنگی اور آئینی برابری کا پیغام ملک گیر سطح پر پھیلانے کا اعلان کیا اور نفرت انگیزی، فرقہ واریت اور تکفیری بیانیے کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے پر اتفاق کیا۔ کمیٹی نے ریاستی بیانیے کی ترویج کیلئے مساجد، مدارس اور جامعات میں آگاہی نشستیں بڑھانے کی تجویز بھی پیش کی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ دشمن کی نفسیاتی جنگ کے مقابلے کے لیے عوامی شعور اور سچائی پر مبنی بیانیہ فیصلہ کن ہتھیار ہے۔ انہوں نے ملاقات کو غیر معمولی طور پر مفید قرار دیتے ہوئے اعتماد اور عملی تعاون کے نئے راستوں پر پیش رفت کی توقع ظاہر کی۔
