ایران سے تجارت کرنے والے ممالک پر امریکی پابندیاں، چین کا سخت ردعمل
واشنگٹن :امریکہ کی جانب سے ایران سے تجارت کرنے والے ممالک پر نئی پابندیاں عائد کرنے کے فیصلے پر چین کا ردعمل سامنے آ گیا ہے۔ چینی سفارتخانے نے امریکی اقدام کو یکطرفہ اور غیرقانونی قرار دیتے ہوئے اس کی سخت مخالفت کا اعلان کیا ہے۔
چینی سفارتخانے کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ ٹیرف کے بے ترتیب اور من مانی نفاذ کے خلاف چین کا مؤقف ہمیشہ واضح اور مستقل رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیرف یا تجارتی جنگوں میں کوئی فاتح نہیں ہوتا اور دباؤ یا زبردستی کے ذریعے مسائل حل نہیں کیے جا سکتے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ چین اپنے جائز اور قانونی مفادات کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گا اور کسی بھی قسم کے دباؤ کو قبول نہیں کرے گا۔ ان کے مطابق چین غیرقانونی، یکطرفہ پابندیوں اور دائرۂ اختیار کے ناجائز استعمال کی سخت مخالفت کرتا ہے۔
چینی بیان میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ عالمی تجارت اور معیشت کے استحکام کے لیے تعاون اور بات چیت ہی واحد مؤثر راستہ ہے، جبکہ یکطرفہ اقدامات سے عالمی تجارتی نظام کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔
