کراچی : رینجرز ریکروٹس کی 33ویں پاسنگ آؤٹ پریڈ، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بطور مہمانِ خصوصی شریک

0

کراچی: رینجرز ٹریننگ سینٹر اینڈ اسکول کراچی میں رینجرز ریکروٹس کی 33ویں پاسنگ آؤٹ پریڈ کی پُروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے۔ ڈی جی پاکستان رینجرز (سندھ) نے وزیر داخلہ کا شاندار انداز میں استقبال کیا اور رینجرز کے چاک و چوبند دستے نے مہمانِ خصوصی کو سلامی پیش کی۔

ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق، تربیت کے دوران بہترین کارکردگی دکھانے والے ریکروٹس میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ تقریب میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلیٰ افسران، دیگر شعبہ ہائے زندگی کے افراد اور ریکروٹس کے اہلِ خانہ نے شرکت کی۔ تقریب میں کیمَل اسکواڈ اور اینٹی ٹیرارسٹ سکواڈ کے عملی مظاہروں کو حاضرین نے بھرپور انداز میں سراہا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے ریکروٹس اور ان کے اہلِ خانہ کو تربیت کامیابی سے مکمل کرنے پر مبارکباد دی اور پاکستان رینجرز (سندھ) کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور اعلیٰ کارکردگی کو سراہا۔ ترجمان سندھ رینجرز نے بتایا کہ رینجرز نے مئی 2025 میں آپریشن بنیان المرصوص کے دوران پاک فوج کے شانہ بشانہ اہم کردار ادا کیا۔

ترجمان نے مزید کہا کہ رینجرز نے کراچی میں امن قائم کر کے ایک مثالی تاریخ رقم کی ہے اور ملکی تحفظ کے لیے دی جانے والی قربانیوں اور شہداء کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ سندھ رینجرز دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سکیورٹی فرائض کی ادائیگی کے لیے پرعزم ہے اور شہر میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے مستقل کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.