ایف آئی اے نے سابق چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی کے خلاف مقدمہ واپس لینے کے لیے خط لکھ دیا

0

کراچی:وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے سابق چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) شبر زیدی کے خلاف درج مقدمہ واپس لینے کے لیے باضابطہ طور پر حکام کو خط لکھ دیا ہے۔

ایف آئی اے کرائم سرکل نے حکام سے درخواست کی ہے کہ مقدمہ قانون کے تحت “سی کلاس” کرنے کی اجازت دی جائے۔ ایف آئی اے نے اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ مقدمے کی مزید کارروائی کی ضرورت نہیں رہی، لہٰذا اسے منسوخ کر کے عدالت میں رپورٹ پیش کرنے کی اجازت دی جائے۔

ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے اپنے خط میں یہ بھی استدعا کی ہے کہ مقدمے میں نامزد افراد، بشمول سابق چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی، ایف بی آر کے دیگر حکام، اور نجی بینک کے ملازمین کے نام مقدمے سے خارج کیے جائیں۔ تاہم، ایف آئی اے نے تجویز دی ہے کہ ان ناموں کو چالان کے کالم نمبر 2 میں برقرار رکھا جائے تاکہ عدالت کی منظوری کے بعد مقدمے کی حتمی حیثیت طے ہو سکے۔

ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل نے گزشتہ روز شبر زیدی کے خلاف16 ارب روپے کی مبینہ غیر مجاز ادائیگیوںکے الزام میں مقدمہ درج کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے بعد ایف آئی اے نے کیس میں مزید کارروائی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اسے سی کلاس کے زمرے میں لانے کی سفارش کی ہے۔

قانونی ماہرین کے مطابق "سی کلاس” کا مطلب ہے کہ مقدمے میں کوئی قابلِ عمل شواہد یا جرم ثابت نہ ہونے پر اسے غیر مؤثر یا ختم تصور کیا جاتا ہے، تاہم عدالت کی منظوری کے بعد ہی اس پر عملدرآمد ممکن ہوتا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.