واشنگٹن: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو 3 ارب ڈالر کی مالی معاونت اگلے ہفتے تک موصول ہو جائے گی۔
واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بتایا کہ سعودی عرب کے وزیر خزانہ سے تفصیلی بات چیت ہوئی ہے، جبکہ اس سے قبل اسلام آباد میں بھی اس معاملے پر بات چیت ہو چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ 3 ارب ڈالر کی سپورٹ اضافی ڈپازٹس کی صورت میں فراہم کی جائے گی، جو پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر کو مستحکم کرنے میں مدد دے گی۔
وزیر خزانہ کے مطابق پاکستان نے گزشتہ ہفتے 1.4 ارب ڈالر کی ادائیگیاں کی ہیں اور حکومت تمام بین الاقوامی ادائیگیوں کو بروقت مکمل کرنے کے عزم پر قائم ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اب یہ مالی معاونت سالانہ رول اوور کے بجائے 2028 تک میچور ہوگی، جو دونوں ممالک کے درمیان مالی تعاون کے ایک نئے فریم ورک کی عکاسی کرتی ہے۔سعودی عرب کی قیادت، بالخصوص ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور سعودی وزیر خزانہ کے تعاون پر اظہار تشکر بھی کیا گیا۔
